فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ رات کے وقت غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں پرتشدد کاروائی کے دوران اسرائیلی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہری مارے گئے۔
دوسری جانب، فلسطینی نیوز ایجنسی "شہاب" نے آج منگل کے روز بتایا کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ گاؤں کے متعدد گھروں پر اسرائیلی بمباری میں کم سے کم 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی کہ غزہ شہر میں شیخ رضوان محلے کے جنوب میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ ایجنسی نے مزید کہا کہ خان یونس کیمپ میں ایک گھر پر بمباری کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جیسا کہ "عرب ورلڈ نیوز ایجنسی" نے رپورٹ کیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ایجنسی نے مزید کہا کہ علاقے پر قابض فوج کی بمباری میں اضافے کے ساتھ شمالی غزہ کی پٹی میں کمال عدوان ہسپتال میں بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایجنسی کے مطابق پیر کی شام غزہ شہر کے علاقے الدراج میں دو سکولوں میں رہائش پذیر بے گھر افراد پر اسرائیلی قابض طیاروں کی بمباری میں کم سے کم 50 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ خان یونس کے دارالسلام ہسپتال کے اطراف میں اسرائیلی شدید بمباری کے بعد ڈاکٹروں اور مریضوں نے بچاؤ کی اپیلیں کیں۔
منگل-21 جمادى الأولى 1445ہجری، 05 دسمبر 2023، شمارہ نمبر[16443]