شام سے ترک انخلاء کا ایرانی منصوبہ

اس میں یہ بھی شامل ہے کہ دمشق سرحدوں کا کنٹرول سنبھالے گا

گزشتہ دسمبر میں شمالی شام میں ترک افواج (ترک T24 ویب سائٹ)
گزشتہ دسمبر میں شمالی شام میں ترک افواج (ترک T24 ویب سائٹ)
TT

شام سے ترک انخلاء کا ایرانی منصوبہ

گزشتہ دسمبر میں شمالی شام میں ترک افواج (ترک T24 ویب سائٹ)
گزشتہ دسمبر میں شمالی شام میں ترک افواج (ترک T24 ویب سائٹ)

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شام سے ترک افواج کے انخلا اور سرحدوں پر دمشق سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے اپنے ملک کی جانب سے تیار کردہ ایک منصوبے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ شام نے تہران کو یقین دلایا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کے اندر سے ترکی کے ساتھ "سرحد کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح تیار ہے"۔

عبداللہیان نے مزید کہا کہ ان کے ملک نے مشترکہ ملاقاتوں کے دوران ایک تجویز پیش کی کہ دمشق کی جانب سے ترکی کی سرزمین پر کسی بھی حملے کو روکنے کے عہد کے بدلے انقرہ شام سے اپنی افواج کو ہٹانے کا عہد کرے۔

انہوں نے کہا کہ شام اور ترکی کو جو تجویز پیش کی گئی ہے اس میں یہ بھی شامل ہے کہ روس اور ایران دونوں اس معاہدے کے ضامن ہوں گے اور شام اپنی فوجیں ترکی کی سرحد پر تعینات کرے گا۔

خیال رہے کہ ایران کی جانب سے یہ تجویز روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے تقریباً دو ہفتے بعد سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ماسکو نے دمشق اور انقرہ کو شام کی سرزمین پر ترک افواج کی موجودگی کو "جائز" قرار دینے کے لیے ایک معاہدہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ لاوروف نے اس ماہ کے آغاز میں "ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ برائے انٹرنیشنل ریلیشنز" میں طلباء اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ماسکو نے دمشق اور انقرہ کو ایک معاہدے پر واپس جانے کی پیشکش کی ہے، جس سے ترک افواج کو دمشق کے ساتھ معاہدے کے تحت "شام کی سرزمین پر دہشت گردوں" سے لڑنے کی اجازت ملے گی۔

عبداللہیان کے بیانات پر انقرہ کی جانب سے کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا گیا، لیکن اس سے متعلق قریبی ذرائع نے "الشرق الاوسط" سے تصدیق کی کہ ترکی شام کے سیاسی حل کے مکمل ہونے سے پہلے شمالی شام سے اپنی افواج کو نہ ہٹانے کے حوالے سے اپنا موقف تبدیل نہیں کرے گا اور وہ اس کا وہ بارہا اعلان بھی کر چکا ہے۔

پیر-03 ربیع الاول 1445ہجری، 18 ستمبر 2023، شمارہ نمبر[16365]



امیر کویت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی

کویت کی قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کا منظر (کونا)
کویت کی قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کا منظر (کونا)
TT

امیر کویت نے قومی اسمبلی تحلیل کر دی

کویت کی قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کا منظر (کونا)
کویت کی قومی اسمبلی کے گزشتہ اجلاس کا منظر (کونا)

کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے نئے امیری عہد میں سیاسی بحران پھوٹنے کے بعد کل (جمعرات) شام جاری کردہ ایک امیری فرمان کے ذریعے قومی اسمبلی (پارلیمنٹ) کو تحلیل کر دیا۔ خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے ایک نمائندے کی جانب سے "امیر کی شخصیت کے لیے نامناسب" جملے کے استعمال کرنے اور پھر نمائندوں کا اس کی رکنیت منسوخ کرنے سے انکار کرنے کے بعد حکومت نے پارلیمنٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

امیری فرمان میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ کی تحلیل "قومی اسمبلی کی جانب سے آئینی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر اہانت آمیز نامناسب جملوں کا استعمال کرنے کی بنیاد پر آئین اور اس کے آرٹیکل 107 کا جائزہ لینے کے بعد کی گئی ہے، جیسا کہ وزیر اعظم نے وزارتی کابینہ کی منظوری کے بعد اس کی تجویز دی تھی۔"

کویتی آئینی ماہر ڈاکٹر محمد الفیلی نے "الشرق الاوسط" کو وضاحت کی کہ قومی اسمبلی کو امیری فرمان کے مطابق تحلیل کرنا "آئینی تحلیل شمار ہوتا ہے کیونکہ یہ آئین کے آرٹیکل 107 کی شرائط کے مطابق ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ تحلیل کا حکم نامہ "جائز ہے اور وجوہات حقیقی طور پر موجود ہیں۔" جہاں تک نئے انتخابات کی تاریخ طے کرنے کا تعلق ہے تو الفیلی نے کہا کہ "انتخابات سے متعلق حکم نامہ بعد میں جاری کیا جائے گا، جب کہ یہ کافی ہے کہ اس حکم نامے میں آئین کا حوالہ دیا گیا ہے اور آئین یہ تقاضہ کرتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد دو ماہ کے اندر انتخابات کروائے جائیں۔" (...)

جمعہ-06 شعبان 1445ہجری، 16 فروری 2024، شمارہ نمبر[16516]