کل اتوار کے روز ایک امریکی ذریعہ نے بتایا کہ امریکہ نے شام میں ایران کے ساتھ اتحادی گروپوں پر دو فضائی حملے کیے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے ذریعہ کے حوالے سے بتایا کہ ان دو امریکی حملوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کی عمارت اور ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔
شام میں انسانی حقوق کی رصدگاہ نے کہا ہے کہ مشرقی شام میں دیر الزور دیہی علاقوں پر امریکی بمباری میں ایران نواز دھڑوں کا ایک شخص ہلاک اور دیگر تین زخمی ہو گئے ہیں۔ رصدگاہ نے مزید کہا کہ ہلاکت اور زخمیوں کی یہ تعداد امریکی فضائی حملوں میں دیر الزور کے دیہی علاقوں میں المیادین اور البوکمال کو نشانہ بنائے جانے کے بعد کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہے، جب کہ نشاندہی کی کہ شدید زخمی اور لاپتہ افراد کی تعداد کی وجہ سے اس تعداد میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ رصدگاہ نے کہا کہ یہ بمباری شام میں مسلح دھڑوں کی جانب سے بین الاقوامی اتحادی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے پس منظر میں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مسلح دھڑوں نے 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر مسلسل اسرائیلی بمباری کے جواب میں گزشتہ دنوں خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کئی بیانات جاری کیے تھے۔ ان دھڑوں کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے براہ راست امریکی حمایت سے کیے جاتے ہیں۔
پیر-29 ربیع الثاني 1445ہجری، 13 نومبر 2023، شمارہ نمبر[16421]