سعودی عرب کی اکوا پاور کمپنی نے وسطی ایشیا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی 500 میگا واٹ کی صلاحیت رکھنے والی پہلی ونڈ ٹربائن کامیابی کے ساتھ ازبکستان کے علاقے بخارا میں باش ونڈ پاور پلانٹ پراجیکٹ میں نصب کر دی ہے۔ "انویجن انرجی (Envision Energy)"کمپنی نے 6.5 میگا واٹ کی صلاحیت والی اس ٹربائن کو تیار کیا ہے اور اسے چائنہ کی انرجی انجینئرنگ کارپوریشن (CEEC(نے نصب کیا ہے، جو کہ انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور تعمیراتی ٹھیکیدار ہے۔ اکوا پاور کے سی ای او کاشف رانا نے کہا کہ باش ونڈ فارم میں پہلی ٹربائن کی تنصیب ان اہم سنگ میلوں میں سے ایک ہے جسے کمپنی اس منصوبے میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کی ایک طویل فہرست میں شامل کرنے پر فخر کرتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ منصوبے کی ترقی کے مراحل میں مسلسل پیش رفت اور توانائی کے مرکب کو متنوع بنانے کے لیے ازبکستان کی حکومت کی طویل مدتی حکمت عملی کی حمایت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ چائنہ انرجی گروپ کمپنی نے گزشتہ سال دسمبر میں 500 میگا واٹ کی صلاحیت والے "باش انڈیپنڈنٹ ونڈ پاور اسٹیشن" اور 500 میگا واٹ ہی کی صلاحیت والے "دازہانکلڈی انڈیپنڈنٹ ونڈ پاور اسٹیشن" میں سے ہر ایک کے لیے تعمیر، انجینئرنگ، آپریشن اور دیکھ بھال کا ٹھیکہ حاصل کیا تھا، جو ازبکستان میں اکوا پاور کے ذریعے تیار کیے جا رہے ہیں۔
بدھ-22 محرم الحرام 1445ہجری، 09 اگست 2023، شمارہ نمبر[16325]